اسلام آبا د:معروف اداکارہ بشریٰ انصاری اور ٹک ٹاکر جنت مرزا کے درمیان سوشل میڈیا پر سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا اسٹارز کو جاہل قرار دیا تو جنت مرزا نے سینئر اداکارہ کو اماں جی کہہ کر مخاطب کیا اور ساتھ ہی تنقید سے پہلے حقیقت جاننے کا مشورہ دیا۔

ایک ویڈیو بیان میں جنت مرزا نے پورے واقعے سے متعلق تفصیلی بیان دیا جس کے مطابق انہیں پی آر پیکج کے طور پر ایک چین موصول ہوئی تھی جسے انہوں نے پہن کر ٹک ٹاک بنائی۔
جنت مرزا کے بقول انہیں سوشل میڈیا صارفین کے کمنٹس سے اندازہ ہوا کہ اس چین کے ساتھ مسیحیوں کی مقدس علامت صلیب منسلک ہے، جس پر انہوں نے سب سے معافی مانگی۔
واضح رہے کہ جنت مرزا نے مذکورہ چین اپنی پتلون پر لگائی ہوئی تھی جس کے خلاف مسیحی برادری کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ میں درخواست دی گئی تھی۔
مذکورہ درخواست کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے لکھا تھا کہ ان جاہل اسٹارز کو نہ اسلام کا پتا نہ کسی اور مذہب کا۔بعدازاں انہوں نے اپنی یہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی لیکن اس کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
بشریٰ انصاری کے اس کمنٹ پر نہ صرف جنت مرزا بلکہ ان کی بہن علیشبہ انجم نے بھی اداکارہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔جنت مرزا نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ برائے مہربانی کسی کو جاننے سے پہلے اس کے بارے میں رائے قائم نہ کریں اماں جی (آنٹی بشریٰ)۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








